ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے بھاری نقصانات

ریاست کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے بھاری نقصانات

Tue, 15 May 2018 00:54:46    S.O. News Service

بنگلورو۔14؍مئی(ایس او نیوز) ریاست کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی تبا کاریوں کا سلسلہ بے روک جاری ہے، بارش کی وجہ سے پچھلے 24گھنٹوں کے دوران عوامی اور نجی املاک کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ محکمۂ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ اگلے ایک ہفتے تک بارش کی یہی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔ ریاست کے ساحلی علاقوں اور خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے بارش میں شدت پیدا ہوئی ہے۔ محکمے نے کہا کہ 19 مئی تک یہی صورتحال برقراررہ سکتی ہے۔ ریاستی محکمۂ آفات سماوی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جی ایس سرنیواس ریڈی نے کہا ہے کہ ریاست کے جنوبی اندرونی اور ساحلی علاقوں میں تیز بارش مسلسل جاری رہ سکتی ہے۔محکمے نے کہاکہ بارش کا یہی سلسلہ ماقبل مانسون بارشوں سے جڑ جائے گا۔ مئی کے اختتام تک ریاست میں مانسون کے داخلے امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ پچھلے تین دنوں سے جاری مسلسل بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ کل رات ٹمکورضلع کے ترویکیرے تعلق میں زور دار بارش کے نتیجے میں کئی علاقے زیر آب آگئے۔ زور دار ہوا کی وجہ سے کئی مکانات کے سیمنٹ سیٹ اڑ گئے، جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی جھیلنی پڑی۔ زور دار ہوا کے نتیجے میں فصلوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔ بنگلور میں کل دوپہر تین بجے سے شروع ہونے والی بارش کے نتیجے میں انڈر پاس اور ریلوے برڈج وغیرہ میں پانی بھر گیا۔ ہاسن میں ایک شخص بجلی کی زد میں آکر مارا گیا۔ چکبالاپور میں مکان کے باہر گائے پر ایک درخت گرگیا جس کے نتیجے میں وہ مرگئی۔ اس کے علاوہ شیموگہ ، باگلکوٹ، بلگاوی ، منڈیا، کولار اور دیگر مقامات پر بھی زور دار بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔


Share: